مولانا حافظ وھب اللہ ثانی بن مفتی غلامصطفی رحمہ اللہ فاضل جامعہ اشرفیہ لاہور” مصطفی اکیڈمی "کے مدیر ومنتظم ِ اعلیٰ ہیں۔ جو مختلف مدارس دینیہ میں تدریسی فرائض انجام دیتے آرہے ہیں اور ایک معروف مسجد کی خطابت اور انتظام و انصرام بھی سرانجام دیتے ہیں۔
مولانا حافظ وھب اللہ ثانی لاہور شہر کے معروف علاقہ بیگم پورہ میں سن 1985ء میں پیدا ہوئے۔ تعلیم کا آغاز قرآن کریم ناظرہ و حفظ جامعہ ضیاء العلوم بیگم پورہ لاہورسےکیا۔حضرت قاری محمد شریف صاحب رحمہ اللہ دار القراء ماڈل ٹاؤن والوں کے شاگرد رشید حضرت قاری فردوس خان صاحب رحمہ اللہ سے حفظ ِ قرآن کی تکمیل کی۔
سن 2000ء میں درس نظامی کی ابتداء کی اور پہلے تین درجات (درجہ اولیٰ تا ثالثہ ) جامعہ اشرفیہ نیلا گنبد لاہور میں پڑھے۔ اور وقت کے انتہائی قابل اساتذہ سے استفادہ کیا ، جن میں نیلا گنبد کی جامع مسجد کے خطیب حضرت مولانا علی اصغر عباسی صاحب رحمہ اللہ ، جامعہ اشرفیہ فیروز پور روڈ لاہور کے معروف استاد الفنون حضرت مولانا نواز صاحب حفظہ اللہ اور مجلس صیانۃ المسلمین سے منسلک حضرت مولانا یاسر نور صاحب حفظہ اللہ شامل ہیں۔ اسی دوران تین سال تجوید کا علم بھی اسی مدرسہ کے معروف استاد حضرت مولانا قاری محمد طاہر صاحب رحمہ اللہ سے حاصل کیا۔اور بنیادی عصری علوم کی تکمیل (BISE LAHORE)سے کی۔
درس نظامی کے بقیہ پانچ سال دورہ حدیث شریف تک جامعہ اشرفیہ فیروز پور روڈ لاہور سے سے تعلیم حاصل کی اور یہیں سے سند فراغت حاصل کی۔ جامعہ میں اس وقت کے مشہور اساتذہ کرام ؛ حضرت اقدس مولانا محمد عبیداللہ المفتی رحمہ اللہ ، شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالرحمن اشرفی رحمہ اللہ ، شیخ الحدیث حضرت مولانا صوفی محمد سرور رحمہ اللہ ، استاد الحدیث حضرت مولانا محمد یعقوب رحہم اللہ اور حضرت مولانا فضل الرحیم دامت برکاتہم العالیہ وغیرہم سے خوب کسبِ فیض کیا ۔ شعبہ افتاء میں تخصص فی الافتاء کےبنیادی اسباق اپنے والد محترم حضرت مولانا مفتی غلام مصطفی صاحب رحمہ اللہ سے پڑھے۔
فراغتِ تعلیم کے بعد تدریس کا آغاز جامعہ غزالیہ پٹیالہ گراؤنڈ ہال روڈ سے کیا ، جن کے مہتمم حضرت مولانا حکیم عبد الظاہر صاحب حفظہ اللہ ہیں۔ دو سال درس نظامی میں درجہ ثالثہ تک کی کتب پڑھائیں۔ اس کے بعد دو سال دارالعلوم لاہور ،بوہڑ والا چوک اسٹیشن میں درس نظامی کے ابتدائی درجات کی کتب و تفسیر کے اسباق پڑھائے۔
سن 2012ء میں حضرت مولانا مفتی غلام مصطفی صاحب رحمہ اللہ کے قائم کردہ ادارہ و اسکول اسلامی مرکز برائے اطفال بیگم پورہ و سنگھ پورہ میں دو سال بطور مہتمم اور شعبہ ناظرہ و حفظ میں تدریسی خدمات بھی انجام دیں۔
بعدازاں اسلامی مرکز میں بطور مدیر تعلیم و صدر مدرس کی ذمہ داری سرانجام دی۔ اگست سن 2023ء میں بیگم پورہ ہی میں مصطفی اکیڈمی کی بنیاد رکھی گئی۔ تاحال اسی اکیڈمی میں شعبہ ناظرہ و حفظ اور شعبہ مڈل و میٹرک میں تدریسی خدمات بھی سرانجام دے رہے ہیں اوراکیڈمی کی ادارت بھی ان کے سپرد ہے۔